ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مزید مہنگائی کیلئے تیار رہئے،بجلی کے دام بڑھیں گے،پورے مہاراشٹر میں نفاذ ہو گا،5سے 10 فیصد اضافہ ہو گا

مزید مہنگائی کیلئے تیار رہئے،بجلی کے دام بڑھیں گے،پورے مہاراشٹر میں نفاذ ہو گا،5سے 10 فیصد اضافہ ہو گا

Sun, 02 Apr 2023 11:35:02    S.O. News Service

ممبئی، 2/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) عروس البلاد ممبئی سمیت پوری ریاست میں بجلی کی شرح میں اضافہ کردیا گیا ہے جسے سنیچر یکم اپریل سے  نافذ بھی کردیا گیا ہے۔  یہ اضافہ 5سے 10فیصد تک ہو گا جس کا اثر اگلے ماہ آنے والے بجلی بل میں محسوس کیا جاسکے گا۔ بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتوںمیں اضافہ، کورونا وائرس سے پھیلنے والی وباء کے دوران لاک ڈائون سے آمدنی میں کمی اور بجلی سپلائی کے اخراجات میں اضافہ جیسے جواز پیش کرکے ریاست میں بجلی سپلائی کے نگراں ادارے ’مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن‘ (ایم ای آر سی) نے بجلی پیدا اور سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو جمعہ کی شب یکم اپریل2023ء سے بجلی کی شرح میں اضافے کی اجازت دی تھی۔

 واضح رہے کہ ریاست میں بجلی پیدا کرنے والی کمپنی ’مہاگینکو‘ اور بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی ’مہاٹرانسکو‘ کو ان کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ۵؍ سالہ مدت کے اخراجات طے کئے جاتے ہیں۔ اس ضابطے کے تحت ایم ای آر سی نے 30 مارچ 2020کو مارچ 2025کے اخیر تک کیلئے بجلی کی پیداوارا ور فراہمی کیلئے سالانہ بجٹ طے کیا تھا۔ البتہ قاعدے کے مطابق ان کمپنیوں کو اختیار ہوتا ہے کہ ۳؍ برس بعد وہ سالانہ بجٹ میں طے کئےگئے اخراجات پر نظر ثانی کی پٹیشن داخل کرسکتی ہیں اور اسی بنیاد پر ان کمپنیوں نے عرضداشت داخل کی تھی۔ ان کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ گزشت3 برس میں طے شدہ بجٹ سے زیادہ خرچ ہوا ہے اور آئندہ 3برسوں کے دوران بھی  مہنگائی میں اضافہ کے سبب طے شدہ رقم سے زیادہ اخراجات کا اندیشہ ہے اس لئے ماضی کے نقصان کی بھرپائی اور مستقبل کے اضافی اخراجات کو برداشت کرنے کیلئےطے شدہ رقم میں اضافہ کیا جائے۔ یہ اضافہ بجلی کے بل میں اضافہ کا سبب بنے گا اور اس کا بوجھ پہلے ہی آسمان چھوتی مہنگائی سے ہلکان شہریوں کی جیب پر پڑے گا۔


Share: